علماے کرام اور معاش

Spread the love

علماے کرام اور معاش


علماے کرام سے ایک گزارش ہے کہ اپنے معاشی حالات کے لیے پریشان ہونے، ہر کسی کے سامنے اپنے گھریلو حالات عیاں کرنے اورمہتممین و ادارے سے گلے شکوے کرنے کے بجائے اپنے لیے کوئی لائحہ عمل بنائیں اور خود کے لیے کوئی منظم پلان بنا کر ترتیب بنائیں۔

جب یہ بات اٹل ہے کہ آپ کے حالات سے کسی کو فرق نہیں پڑے گا آپ کے لیے کسی کو فکر نہیں ہے آپ کے معاشی حالات اور گھریلو پریشانیوں سے کسی کو کوئی سروکار نہیں ہے۔

آپ کن مشکلات و تکلیفات میں زندگی بسر کر رہے ہیں آپ کو کیا پریشانیاں لاحق ہیں مستقبل میں کیا ہوگا ان سب باتوں سے کسی کو لینا دینا نہیں ہے۔

تو پھر کیا ضرورت ہے اس طرح احساسِ کمتری کا شکار ہونے اور ہر کسی کے سامنے اپنے حالات عیاں کرنے اور مہتممین و ادارے کی غیبت و برائیاں کرنے کی۔۔۔

یہ بات طے شدہ ہے کہ ہر عالم کو اچھی تنخواہ والی لگزری سہولیات سے مزین مسجد نہیں ملتی۔۔۔ ہر عالم اتنا باصلاحیت اور قابل نہیں ہوتا کہ اسے اچھے معاوضے والی جگہ پر تدریس مل جائے۔

ہر عالم اتنا ذہین و فطین نہیں ہوتا کہ اپنی خطابت اور قابلیت کے جھنڈے گاڑھ کر چہارسو اپنے ڈنکے بجا دے اور لوگ اسے سر کا تاج بنا کر دنیا گھماتے پھریں۔

ہر عالم لکھاری, خطیب, مقرر، نعت خواں نہیں بن پاتا کہ اسے اس فن کے ذریعے روزی روٹی ملے۔۔۔ ہر عالم کاروباری نہیں بن سکتا کہ اس کے پاس اتنی وسعت اور انویسٹمنٹ نہیں ہوتی۔

ہر عالم اتنا قابل نہیں ہوتا کہ کسی نامی گرامی ادارہ کے ساتھ منسلک ہوکر اپنی صلاحیتوں سے دن دگنی اور چار چگنی ترقی کرلے۔۔ ہر عالم دینی و عصری علوم کا ماہر نہیں ہوتا کہ اسے کاروباری ادارے اپنے شرعی پینل کا حصہ بنائیں اور مشاورت کا معاوضہ دیتے رہیں۔۔۔

آپ کو اللہ نے دو مضبوط بازو عطاء کئے ہیں، قابلیت و صلاحیت میں یکتا ہیں، ذہانت و فطانت میں بے مثال ہیں تو پھر کیا ضرورت ہے اس طرح اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کا قتل کرنے کی اور معاش کے لیے پریشان ہونے کی۔

اللہ نے ہر انسان کو بے شمار صلاحیتوں سے نوازہ ہے ہر انسان کو قابلیت دی ہے بس ضرورت اس امر کی ہوتی ہے کہ انسان اپنی قدر کر لے اور اپنی قابلیت و صلاحیت کو بروئے کار لاکر اپنے لئے ترقی و عروج کے دروازے کھول لے۔۔۔ موجودہ دور میں جب کہ آن لائن کا دور ہے قابل اور باصلاحیت لوگوں کے لئے یہاں بے شمار مواقع موجود ہیں اچھی آمدن حاصل کرنے کے۔

اپنی امامت و خطابت، درس و تدریس اور دیگر مصروفیات کے ساتھ ساتھ فقط 5،6 گھنٹے لگا کر دن کا دو تین ہزار گارنٹی سے کما سکتے ہیں۔۔۔ آن لائن فیلڈ کا دور ہے گھر بیٹھے کچھ وقت صرف کر کے باعزت طریقے سے بہترین آمدن حاصل کر سکتے ہیں۔۔۔

اپنے لیے کوئی لائحہ عمل طے کریں اپنے اوقات میں سے روز کے دو تین گھنٹے نکال کر آن لائن فیلڈ میں سے کسی ایک فیلڈ کا انتخاب کریں کوئی ایک سکل پروفیشنل اور ایڈوانس لیول پر سیکھنا شروع کر دیں۔

کسی بھی ڈیجیٹل سکل کو پروفیشنل لیول تک سیکھنے کے لیے 4 ماہ سے 6 ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے کوئی سکل مشکل نہیں ہے یہ سیکھنے والے پر منحصر ہے کہ وہ کتنی لگن طلب اور شوق سے کتنا جلدی سیکھتا ہے۔۔۔ اپنے شوق اور صلاحیت کے مطابق کوئی ایک سکل سلیکٹ کریں اور اس میں مہارت پیدا کریں۔۔۔

علماے کرام جن سکلز کو آسانی سے سیکھ سکتے ہیں اور عملی میدان میں کام کر کے بہترین انکم حاصل کر سکتے ہیں ان میں آن لائن ٹیچنگ/ گرافکس ڈیزائننگ/ ویڈیو ایڈیٹنگ/ ویب ڈویلپمنٹ/ ایپ ڈویلپمنٹ/ ڈیجیٹل مارکیٹنگ/ ایس ای او/ کنٹینٹ رائٹنگ/ اینیمیشن/ موشن گرافکس/ ای کامرس مینجمنٹ/ پروڈکٹس مینجمنٹ/ ڈراپ شپنگ/ ایفلیئیشن اور دیگر بہت سی چیزیں ہیں جن کی سروسز دے کر بہترین انکم حاصل کی جاسکتی ہے۔۔۔

کسی کی اقتداء کرنے اور کسی دوسرے سے متاثر ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔۔۔ حالات و مسائل سے پریشان ہونا چھوڑ دیں کسی سے گلے شکوے مت کریں۔

سب سے پہلے اپنے آپ کی قدر کریں اپنی صلاحیتوں کی پہچان کر کے انہیں بروئے کار لائیں اور عملی میدان میں قدم رکھیں۔

اپنے معاش کی فکر خود ہی کرنی ہے کسی سے امید لگانا اور کسی کے بھروسے پر اپنا مزید وقت ضائع کرنا چھوڑ دیں۔

جیسے کیسے حالات تھے وہ گزر چکے ہیں جو ہونا تھا وہ ہوچکا ہے اب آئندہ کے لیے کچھ پلان کر لیں۔۔۔ یہ بات دل سے نکال دیں کہ کون کیا ہے اور کیا کر رہا ہے لوگ کیا کہیں گے زمانہ کیا سوچے گا۔۔۔

کسی ایک فیلڈ کا انتخاب کریں کوئی ایک کام پروفیشنل لیول تک سیکھ کر محنت شوق اور لگن سے محنت کرتے رہیں ان شاء اللہ العزیز بہت جلد کام یابی آپ کے قدم چومے گی۔۔۔


جو گزر گیا وہ ماضی تھا ابھی حال میں کچھ طے کر لیں تاکہ مستقبل سنور سکے۔۔۔
حامد حسن


ڈیجیٹل مارکیٹنگ سیکھنے کے لیے واٹس ایپ کریں 👇
9956447451
معراج احمد مصباحی
ڈیجیٹل مارکیٹر

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *