کام یابی کی بنیاد کو مضبوط کرنا ہوگا

Spread the love

از: محمد عارف رضا نعمانی مصباحی کام یابی کی بنیاد کو مضبوط کرنا ہوگا

کام یابی حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلےکام یابی کی بنیاد کو مضبوط کرنا ہوگا جو کہ روحانیت ،تعلیم ،روزگار اور حسن کردار پر مشتمل ہے۔

کامیابی اور سرخروئی عطا کرنے والاحقیقت میں اللہ رب العزت ہی ہے،اس کی مرضی کے بغیر کائنات کا ایک ذرہ بھی نہیں ہل سکتا۔وہی سب سے بہتر روزی دینےوالا ہے۔وہی عزت و شہرت دینے والا ہے۔وہی ترقی اور کامیابی دینے والا ہے۔

توجس سے حقیقی کام یابی ملتی ہےاس سے رشتہ مضبوط کرنا بہت ضروری ہے۔پھراپنی زندگی کو اسی کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔اس کے احکامات و فرامین پر عمل کرنا ہوگا۔

فرائض و واجبات کے بعد ذکر و مراقبے کے ذریعے اپنےباطن کا تزکیہ کرکےاپنے رب کو راضی کرنا ہوگا۔اس کی بارگاہ میں رجوع کرنا ہوگا۔تاکہ کامیابی کا سفر آسان تر ہو جائے۔

یہاں ایک بات یہ ذہن میں رکھنی ہوگی کہ اللہ نے ہمیں اسلام کے دامن میں پناہ دی۔اسلام اور ایمان کی بنیاد روحانیت اور تعلق مع اللہ پر مشتمل ہے۔

جب تک ہمارا رشتہ اپنے رب سے مضبوط نہیں ہوگا ہم کام یاب نہیں ہو سکتے۔ دنیاوی ترقی مادی ترقی ہے جو کہ وقتی ہوتی ہے ایک وقت کے بعد ختم ہو جائے گی۔ لیکن وہ کام یابی جو اللہ سے تعلق کی بنیاد پر حاصل ہو وہ دیرپا ہوتی ہے۔ہمیں ایسی ہی کام یابی کی ضرورت ہے۔

جب بندے کا تعلق اپنے رب سے کمزور ہوتا ہے ،تووہ خواہشات کے مطابق اپنی زندگی گزارتا ہےاور رب کی نافرمانیاں کرنےلگتاہے۔ معاشرے میں جو برائیاں ، بےحیائیاں ،بےپردگی ،جھوٹ فساد،لوٹ مار،قتل وغارت گری ،ظلم و جبر،دھوکا دھڑی ،جنسی اور فکری بےراہ روی عام ہے وہ اپنے رب سے تعلق کمزورہونے کی بنا پر ہے۔

یہ سب دنیا اور آخرت کی ناکامیوں کا پیش خیمہ ہیں۔ جس معاشرے میں یہ سب چیزیں پائی جائیں وہ معاشرہ حقیقت میں ترقی نہیں کرسکتا۔اس لیے ہمیں سب سے پہلے اِن کو اور اِن جیسی دوسری برائیوں کو دور کرنا ہوگا۔ تبھی ہم مکمل طور پر ترقی کر سکتے ہیں۔

از: محمد عارف رضا نعمانی مصباحی

ایڈیٹر: پیام برکات،علی گڑھ

7860561136

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *