موسم سرما، مؤمنوں کے لیے فصل بہار

Spread the love

موسم سرما، مؤمنوں کے لیے فصل بہار

از: خضرا فاطمہ نعمانی

چریاکوٹ ضلع مئو یوپی

اللہ رب العزت کا بےپناہ فضل و کرم ہے کہ اس نے ہمیں بےشمار نعمتوں سے نوازا ہے، آئیے جہاں ہم اللہ کی نعمتوں کا ذکر کرتے ہیں وہیں موسموں کا بھی ذکر کریں، ہم جہاں رہتے ہیں مُلک ہندوستان میں یہاں ہمیں کئی موسموں کا لطف ملتا ہے، موسمِ سرما، موسم گرما، موسم بہار، موسم خزاں، موسم برسات، ان سارے موسموں کی اپنی الگ الگ خصوصیات ہے،

اللہ تعالیٰ کا احسان ہے کہ ہم ایسی جگہ پر رہتے ہیں جہاں ہم ہر موسم کا لطف لیتے ہیں ورنہ صرف ایک ہی موسم میں رہنا ہوتا تو ہم اُکتا جاتے،

یہ موسم آتے ہیں، ان کے آتے ہی ہمارے جسموں میں چستی پھرتی توانائی آ جاتی ہے، یہ موسم ہمارے لیے بہت سی نعمتیں لاتے ہیں، اس میں طرح طرح کے پھل اور قسم قسم کے پھول نکلتے ہیں، یہ اپنے ذائقے اور رنگت سے انسانوں کو فرحت و سکون کا احساس دلاتے ہیں،

موسم سرما اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، اس میں دن چھوٹے، راتیں لمبی ہوتی ہے اس موسم کا ذکر حدیث شریف میں بھی آیا ہے کہ “موسم سرما مؤمن کے لیے موسم بہار ہے”

اس موسم کی آمد پر صحابہ بہت خوش ہوا کرتے تھے کہ انہیں دن چھوٹا ملتا ہے روزہ رکھنے کے لیے اور راتیں لمبی ملتی ہیں کہ اس میں خوب عبادت کی جاسکیں، اس موسم میں صحابہ قیام سجود بڑھا دیتے تھے،

موسم سرما میں ہم بھرپور لطف اندوز ہوتے ہیں طرح طرح کی غذائیں، طرح طرح کے پھل کا لطف لیتے ہیں اور ہاں جہاں ہم اتنا لطف اندوز ہوتے ہیں وہیں ہمیں اپنی صحت پر بھی بھرپور توجہ دینی چاہیے

اپنی صحت کو لے کر لاپرواہی نہیں برتنی چاہیے، جہاں ہم بھاری غذائیں لیتے ہیں وہیں ہمیں صحت کے حوالے سے اپنا محاسبہ بھی کرنا ہے کہ ہم کتنا پیدل چلتے ہیں، کہیں صرف بیٹھ کر وقت تو نہیں گزار رہے اپنے کام کو بریک دیتے ہوئے کرنا چاہیے، کام کے دوران تھوڑا ٹہل لینا چاہیے

اگر ہم کوئی آفس میں کام کر رہے تو ہمیں زیادہ دیر تک بیٹھے رہنے کے لیے ہلکا ناشتہ لینا چاہیے اور کچھ وقت کے لیے ٹہلنا بھی چاہیے، اس موسم میں صرف بھاری غذائیں لینا اور لمبے وقت تک بیٹھے رہنا ہماری صحت کے لیے مضر ہے،

اپنے دن بھر کے کاموں کے ساتھ ہمیں ہلکی پھلکی ایکسرسائز بھی کرتے رہنا چاہیے اور دھوپ جو کہ اللہ کی عظیم نعمت ہے اس سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے، ہمیں موسم سرما میں دھوپ کی اہمیت سمجھ میں آتی ہے، اِس سے ہمارے جسم میں گرمی اور توانائی ملتی ہے جو ٹھنڈ سے ٹھٹھرنے کے بعد راحت دیتی ہے

صبح شام تھوڑی دیر چہل قدمی بھی ضروری ہے ہم اپنے ورک ایریا کا جائزہ لیں کہ اس کے آس پاس کا ماحول کیسا ہے؟ ماحول صاف ستھرا ہو، کیوں کہ ہمیں کھلی فضا میں سانس لینی چاہیے، لگاتار ایک جگہ بیٹھے رہنے سے پرہیز کریں، وقفے وقفے سے چہل قدمی مفید ثابت ہوگی،

اس موسم میں اپنی غذاؤں میں پھل، مچھلی، میوہ، ڈرائی فروٹ بھی شامل کریں اور بہت ہی ضروری بات کہ ہمیں اس لطف اندوز ہونے والے موسم میں اپنے غریب پریشان پڑوسیوں اور رشتےداروں کا بھی بھرپور خیال رکھنا ہوگا کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم اور ہمارے بچے تو اچھے اچھے گرم کپڑے پہن رہے اور گرم گرم بستر پر آرام کر رہے اور غریب پریشان حال لوگوں کے بچّے ٹھنڈ سے ٹھٹھر رہے

سڑک کے کنارے رہنے والے بس کپڑے کا پردہ ڈال کر معمولی سے بچھونا بچھا کر ٹھٹھر ٹھٹھر کر راتیں کاٹ رہے ہوتے ہیں، ہمیں اُن کی طاقت بھر مدد کرنی چاہیے کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے مال داروں کے مال میں غریبوں کا بھی حق رکھا ہے جو مال داروں کو ادا کرنا چاہیے

ہمیں چپکے سے اُن کی مدد کرنی چاہیے تاکہ تھوڑی سی راحت کا سبب ہم بن سکے اور اُن بے بسوں مجبوروں کے دِل سے دعا نکلے اور ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارا یہ عمل قبول کرکے ہماری بخشش کا ذریعہ بنا دے

اللہ تعالیٰ ہمیں ریاکاری سے بچائے اور نیک کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اپنے حبیبِ پاک کے صدقے ہمارے جذبوں میں بلندی اور پاکیزگی عطا فرمائے ہمارے اعمال قبول فرمائے، آمین یارب العٰلمین بجاہ النبی الامین،

خضراء فاطمہ نعمانی

چریاکوٹ ضلع مئو یوپی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *