مدارس میں ڈریس کوڈ لاگو کیا جاے گا
اتراکھنڈ میں وقف بورڈ کے تحت چلنے والے مدارس میں اگلے تعلیمی سیشن NCERT کا نصاب اور ڈریس کوڈ لاگو کیا جائے گا۔
وقف بورڈ کے چیئر مین شاداب شمس نے کہا کہ ابتدائی طور پر سات مدارس کو جدید اسکولوں کے خطوط پر چلایا جائے گا۔ ان مدارس میں دیگر مذاہب کے بچے بھی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
اتراکھنڈ وقف بورڈ کے چیئر مین نے کہا کہ بورڈ کے دائرہ کار میں آنے والے تمام 103 مدارس میں ڈریس کوڈ اور این سی ای آر ٹی کا نصاب لاگو ہونے جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں دہرادون، ادھم سنگھ نگر اور ہری دوار سے دو دو مدارس اور ضلع نینی تال کے ایک مدرسے کو جدید اسکولوں کی طرز پر چلانے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے بعد یہ نظام دیگر مدارس میں بھی نافذ کیا جائے گا۔
خاص بات یہ ہوگی کہ ان مدارس میں تمام مذاہب کے بچے تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
مدارس میں صبح ساڑھے چھ سے ساڑھے سات بجے تک
نماز فجر کے بعد قرآن پاک پڑھایا جائے گا۔ اس کے بعد صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک یہ مدرسہ ایک عام اسکول کی طرح چلے گا جب کہ دوپہر 2 بجے کے بعد دوبارہ مدرسے کی طرح چلنا شروع ہو جائے گا۔
انہیں انگلش میڈیم اسکول کی طرح چلایا جائے گا۔ مدارس میں سمارٹ کلاسز ہوں گی تا کہ ان سے پاس آؤٹ ہونے والے بچے ڈاکٹر اور انجینئر بن سکیں۔
اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم نریندر مودی کا خواب جس میں انہوں نے ایک ہاتھ میں قرآن اور ایک ہاتھ میں لیپ ٹاپ دیکھا ہے، اتراکھنڈ سے نظر آئے گا۔ وقف بورڈ کے چیئر مین شاداب شمس نے کہا کہ مدارس کا اندراج مدرسہ بورڈ سے نہیں بلکہ اتراکھنڈ بورڈ میں ہوگا۔