مولانا اسد الرحمن تیمی کی تالیف جدید بنام بنات الرسول صلی اللہ علیہ وسلم

Spread the love

مولانا اسد الرحمن تیمی کی تالیف جدید بنام
“بنات الرسول صلی اللہ علیہ وسلم”

تبصرہ بقلم: آصف تنویر تیمی

وہ سینئر تیمی اخوان جو ہمیں اپنے کثرت مطالعہ سے متاثر کرتے ہیں ان میں سے ایک ہمارے برادر بزرگوار شیخ اسد الرحمن تیمی صاحب ہیں.
برادر محترم طالب علمی کے زمانے سے ہی اپنی محنت ذہانت اور وسیع معلومات سے اپنے اساتذہ کے مابین محبوب رہے ہیں. دوران تعلیم جامعہ امام ابن تیمیہ میں آپ کا شمار اپنے وقت کے سب سے لائق وفائق اور محنتی طالب کے طور پر ہوتا تھا. اس زمانے میں تعلیم میں محنت کا مطلب ہی تھا اسد الرحمن. اساتذہ تحصیل تعلیم کی راہ میں محنت پر ابھارنے کے لئے برادرم محترم “اسد الرحمن” کا نام لیا کرتے تھے.
یہ رتبہ بلند ملا جس کو مل گیا
یہ مسلم ہے کہ اللہ تعالی کسی کی محنت کو رائیگاں نہیں کرتا.ہر محنتی شخص کو اس کی محنت کا بدلہ ملتا ہے.اللہ نے برادر محترم کو علم کی دولت سے خوب نوازا.تدریس تصنیف اور ترجمہ نگاری کا اچھا ملکہ آپ کو عطا کیا .بہت کم ایسے لوگ رہتے ہیں جنہیں کئی زبانوں پر یکساں دسترس حاصل ہوتی ہے ایسے ہوئے قلیل الوجود اور کثیر الفوائد لوگوں میں سے برادر محترم اسد الرحمن تیمی ہیں.اردو عربی انگریزی اور ہندی چاروں زبانوں میں آپ پڑھنے لکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں.آپ کی سب سے بڑی خوبی مطالعہ کی وسعت ہے.
جامعہ امام ابن تیمیہ سے سال 2000ء میں فراغت کے بعد جامعہ میں مدرس بحال ہوگئے تھے. موسس جامعہ امام ابن تیمیہ علامہ ڈاکٹر محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ آپ کی کتابی اور قلمی صلاحیت کی وجہ سے آپ کو بڑا عزیز رکھا کرتے تھے.آپ سے انہیں بڑی امیدیں وابستہ تھیں.خیر آپ علامہ محترم کی امیدوں پر کھرے اترے.جہاں گئے اپنا اور اپنے ادارے کا نام روشن کیا. فراغت کےچند سالوں بعد دہلی میں رہ کر مستقل طور پر تحقیق وترجمہ کا کام کیا.
آپ لکھنے کا عمدہ ذوق رکھتے ہیں.آپ کی تحریر رواں سبک اور تکلف سے پاک ہوتی ہے.آپ کی تحریر ادبی معیار پر پوری اترتی ہے.جس زبان میں بھی لکھتے ہیں اس زبان کی زبان وادب کا خیال کرتے ہیں.
اس سے قبل بھی امہات المومنین رضی اللہ عنہن کے نام سے آپ کی قلمی کاوش منظر عام پر آکر قارئین سے خراج تحسیں وآفریں حاصل کرچکی ہے.آپ کی شدید خواہش تھی کہ امہات المومنین کے طرز پر بنات الرسول(رضی اللہ عنہن) پر بھی مختصر مگر مدلل کتاب لکھی جائے تاکہ امت کی بیٹیاں ان کی طرح اپنے کو ڈھال سکیں

اس لیے کہ بقول مولف” اسلام کی بیٹیوں کے لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادیوں کی زندگی سے بڑھ کر کسی اور کی زندگی بہتر آئیڈیل اور نمونہ نہیں ہوسکتی.موجودہ پر فتن دور میں ان کے لئے اگر کوئی نمونہ ہے تو وہ یہی برگزیدہ خواتین ہیں جن کے نقش قدم پر چل کر وہ اپنی دنیا وآخرت سنوار سکتی ہیں”.
سیرت رسول سیرت صحابہ اور سیرت صحابیات پر عربی زبان میں جتنا مواد موجود ہے اس کا دسواں حصہ بھی اردو میں نہیں ہے.بالخصوص برادر محترم شیخ اسد الرحمن نے جس موضوع پر قلم اٹھایا اور قارئین کو علمی مواد فراہم کرنے کی کوشش کی ہے وہ نہایت اہم اور حوا کی بیٹیوں کے لئے کسی خزانے سے کم نہیں ہے.مجھے اللہ کی ذات سے مکمل امید ہے کہ اس کتاب کی علمی حلقوں میں خوب پذائی ہوگی.اچھی کتابوں کے مطالعے کے شوقین حضرات اس کو ہاتھوں ہاتھ لیں گے.حوا کی بیٹیاں اس امت کی سب سے اعلی وارفع کی بیٹیوں کی سیرت کو پڑھ کر اپنے آپ کو ان کی طرح بنانے کی کوشش کریں گی.
مولف کتاب نے اپنی اس کتاب کا نام” بنات الرسول صلی اللہ علیہ وسلم” رکھا ہے.کتاب کے کل صفحات 147ہیں.ورق اور طباعت شاندار ہے. کتاب کا غلاف خوبصورت اور جلد کافی مضبوط ہے. کتاب کی یہ پہلی طباعت ہے.مولف نے جیب خاص سے اس کتاب کو طبع کروایا ہے.ضرورت اس بات کی ہے کہ امت کا مالدار طبقہ اور اسلامی مکتابات کے مالکان اس گراں قدر کتاب کو بڑے پیمانے پر طبع کروائیں تاکہ کتاب سے امت کی بیٹیوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے.یہ کتاب ہر مرد ہر عورت اور ہر گھر کی ضرورت ہے.اس منفرد اور وقیع کتاب کی طباعت پر دل کی گہرائی سے میں فاضل مولف کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ کتاب مولف کے لئے نجات اخروی کا ذریعہ بنے اور اس کو ایسی مقبولیت حاصل ہو کہ ہر مسلمان گھر تک پہنچے.کتاب کو مولف سے رابطہ کرکےحاصل کیا جاسکتا ہے.
ایں دعا از من وجملہ جہاں آمین آباد

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *