قاری صہیب کی والدہ کے انتقال پر قومی اساتذہ تنظیم کا اظہار تعزیت
قاری صہیب کی والدہ کے انتقال پر قومی اساتذہ تنظیم کا اظہار تعزیت
مظفر پور، 20/ جولائی (وجاہت، بشارت رفیع)
عظیم شہرت یافتہ قاری قران اور مدرسہ اسلامیہ جامع العلوم مظفرپور کے سابق نائب ناظم جناب قاری نسیم احمد رحمۃ اللہ علیہ کی اہلیہ اور راجد کے رکن قانون ساز کونسل جناب قاری صہیب صاحب کی والدہ کے انتقال سے پورا علاقہ سوگوار ہو گیا ہے۔
مظفرپور ضلع کے ساتھ پورے بہار میں حضرت قاری صاحب کے چاہنے والوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور ہر طرف سے تعزیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں
اسی کڑی میں قومی اساتذہ تنظیم کے صوبائی صدر جناب تاج العارفین نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قاری صہیب صاحب کی والدہ کا انتقال ہم سب کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے، قاری صاحب اور ان کے برادران و اعزا واقارب پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے
قومی اساتذہ تنظیم غم کی اس گھڑی میں قاری صاحب کے خانوادے کے ساتھ غم میں برابر کی شریک ہے۔ وہیں قومی اساتذہ تنظیم کے صوبائی کنوینر جناب محمد رفیع نے کہا کہ قاری صاحب کی والدہ ایک نیک اور خدا ترس خاتون تھیں اور انہوں نے اپنے بچوں کی بہترین تربیت کر کے اعلی مقام تک پہنچایا ہے۔
یقیناً ان کے انتقال سے ہم سبھی کو بڑا صدمہ ہوا ہے، تنظیم کے سکریٹری محمد تاج الدین قاسمی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحومہ ایک ایماندار نیک اور خوش اخلاق خاتون تھیں چونکہ قاری نسیم صاحب میرے اساتذہ میں تھے اس لیے مرحومہ میرے لیے ماں کے درجے میں تھیں
حضرت قاری صاحب بارہا گفتگو کے دوران ان کی ایمانداری اور خدا ترسی کی تعریف کیا کرتے تھے ایک موقع پر مجھ سے انہوں نے کہا تھا کہ جب میں مدرسہ جامع العلوم کا نائب ناظم تھا تو گھر کے اندر ایسے حالات ہو جاتے تھے کہ
کبھی کبھی نمک روٹی پر بھی گزارا کرنا پڑتا تھا، مشکل کی اس گھڑی میں میری اہلیہ بارہا مجھے تاکید کرتی تھیں کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے لیکن مدرسے کا ایک روپیہ بھی آپ اپنے گھر میں خرچ نہیں کیجیے گا
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ گھر کے اندر دیندارانہ ماحول بنانے اور حضرت قاری صاحب اور ان کے بچوں کو اعلی مقام دلانے میں مرحومہ کا اہم کردار رہا ہے
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی بال بال مغفرت فرمائے، ان کی نیکیوں کو قبول فرمائے اور ان کی سیئات کو معاف فرما کر اعلی سے اعلی مقام عطا فرمائے۔