شاخہائے دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ کی سالانہ مجلسِ مشاورت و جشنِ افتتاحِ بخاری شریف
شاخہائے دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ کی سالانہ مجلسِ مشاورت و جشنِ افتتاحِ بخاری شریف کل سہلاؤ شریف میں منعقد ہوگی
سہلاؤ شریف/باڑمیر، راجستھان (پریس ریلیز )
مغربی راجستھان کے دینی، علمی، اصلاحی و روحانی منظرنامے میں ممتاز حیثیت رکھنے والا اور علاقۂ تھار کی عظیم و مرکزی دینی ادارہ دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ سہلاؤ شریف میں کل 10 شوال المکرم 1446ھ/9 اپریل 2025 عیسوی بروز بدھ(أربعاء) ایک بار پھر علم و عرفان کی خوشبو سے معطر ہونے جا رہا ہے
جب ادارے کی جانب سے سالانہ مجلسِ مشاورت اور جشنِ افتتاحِ بخاری شریف کا روح پرور انعقاد کیا جائے گا۔یہ ادارہ، جو پیرِ طریقت، نورالعلماء حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کی قیادت میں دین و علم کا چراغ روشن کیے ہوئے ہے
ہر سال اوائل شوال میں اپنے شاخہائے دارالعلوم کے اساتذہ، مدرسین، فضلاء، ارکانِ کمیٹی اور محبانِ دارالعلوم کی ایک عظیم الشان مجلسِ مشاورت منعقد کرتا ہے۔ اس مجلس میں ادارے کی تعلیمی، تربیتی، فلاحی اور اصلاحی سرگرمیوں پر تبادلۂ خیال کیا جاتا ہے۔
چناں چہ اسی تسلسل میں کل صبح تقریباً 8 بجے “أصح الکتب بعد کتاب اللہ الصحیح البخاری” کی پہلی حدیث پڑھا کر جشنِ افتتاحِ بخاری شریف کا باضابطہ آغاز ہوگا، جس کے ساتھ ہی تعلیمی سال 2025 کی شروعات بھی ہوگی۔
اور اسی دن یعنی 10 شوال المکرم کو امامِ اہلِ سنت، مجددِ دین و ملت، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری برکاتی علیہ الرحمہ کا یومِ ولادت بھی عقیدت و محبت سے منایا جائے گا۔
اس پرنور موقع پر دارالعلوم کے اساتذۂ کرام، فضلاء، طلبہ اور مدعو علمائے کرام جہاں علم و تعلیم کی اہمیت و فضیلت، حضرت امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی سیرت و خدمات، بخاری شریف کی تدوین و ترتیب پر بصیرت افروز خطابات فرمائیں گے
وہیں امامِ عشق و محبت، امامِ اہلِ سنت، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلوی علیہ الرحمہ کی حیات و خدمات اور امتِ مسلمہ پر آپ کے گہرے اثرات پر بھی فکر انگیز گفتگو ہوگی
جس سے سامعین کی علمی، فکری اور روحانی تسکین ہوگی۔پروگرام کا دوسرا مرحلہ نمازِ عصر کے بعد شروع ہوگا، جہاں دو یا تین نشستوں پر مشتمل سالانہ مجلسِ مشاورت منعقد ہوگی
جس میں دارالعلوم و شاخہائے دارالعلوم کے مختلف شعبہ جات کے فروغ، تعلیمی معیار کی بلندی، اور علاقائی اصلاحِ معاشرہ کے لیے مؤثر تجاویز زیرِ بحث آئیں گی۔
یہ دن دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ کی تاریخ میں ایک اور روشن باب کا اضافہ کرے گا، ان شاء اللہ۔