جامعہ سلمیٰ للبنات مجیب نگر سنہ پور میں مولانا اظہارالحق مظاہری کے ہاتھوں کمپیوٹر سینٹر کا افتتاح
جامعہ سلمیٰ للبنات مجیب نگر سنہ پور میں مولانا اظہارالحق مظاہری کے ہاتھوں کمپیوٹر سینٹر کا افتتاح
دربھنگہ(نمائندہ)جامعہ سلمیٰ للبنات مجیب نگر سنہپور دربھنگہ میں ایک اہم دینی و تعلیمی پرگرام کا انعقاد کیا گیا،جس کی صدارت حضرت مولانا اظہار الحق صاحب مظاہری نے کی۔
حضرت نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ “دین کی بنیادی تعلیم حاصل کرنا اسی طرح فرض ہے جیسے نماز، روزہ اور زکاۃ فرض ہیں۔”انہوں نے والدین کو متوجہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں اپنے بچوں کی دینی تعلیم کے حوالے سے سنجیدہ ہونا چاہیے۔
دنیاوی تعلیم بلاشبہ ایک ضرورت ہے، ڈاکٹر،انجینئر اور دیگر پیشے دنیاوی زندگی میں اہم ہیں،لیکن آخرت میں صرف دینی تعلیم ہی کام آئے گی۔
مولانا نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے تعلیمی اداروں میں داخل کرائیں،جہاں دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کا بھی مناسب انتظام ہو۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض والدین بچوں کی عصری تعلیم کے نام پر انہیں ایسے اداروں میں داخل کرا دیتے ہیں جہاں غیر اسلامی ماحول اور مخلوط نظامِ تعلیم پایا جاتا ہے۔
اس کے نتیجے میں مسلم بچیاں دینی ماحول سے دور ہو کر غیر اسلامی رویوں میں مبتلا ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے اس حوالے سے کئی افسوسناک واقعات کا ذکر کیا اور والدین کو مشورہ دیا کہ وہ مدارسِ اسلامیہ کا انتخاب کریں،جہاں بچیوں کو اسلامی تعلیمات کے ساتھ عصری علوم بھی مہیا کیے جاتے ہیں۔
اس موقع پر مولانا نے جامعہ سلمیٰ للبنات میں کمپیوٹر سینٹر کے افتتاح کو ایک اہم اقدام قرار دیا اور ادارے کے ناظم و بانی قاری ریحان صاحب کو مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ پہلے ہی سلائی سینٹر کے ذریعے طالبات کو ہنر مند بنا رہا تھا،اور اب کمپیوٹر سینٹر کے آغاز سے بچیوں کے لیے جدید تعلیم کے دروازے مزید کھل جائیں گے۔
اس موقع پر مولانا دبیر احمد قاسمی استاذ مدرسہ اسلامیہ شکرپور،مولانا بشارت الکریم قاسمی استاذ مدرسہ اشرف العلوم کنہواں،مولانا ابو الوفاء قاسمی استاذ مدرسہ اسلامیہ شکرپور،حافظ اعجاز قاسمی نگراں جامعہ،مولانا ظفیر احمد ندوی، مولانا توفیق قاسمی، مظفر عالم،ماسٹر خورشید آفاق صدر جامعہ،ڈاکٹر نعمان، مشتاق احمد،محمد جگنو، محمد غفران، محمد حسنین،قاسم صدیقی،محمد شبنم،محمد نسیم،رضی احمد، محمد گورے،فیروز عالم، سمیع الدین،محمد ارشد،شاداب عالم، آفتاب عالم،سرفراز شیخ، محمد اجالے کلیان پور، محمد ہمایون سمیت گاؤں کے سرکردہ لوگ موجود تھےمولانا اظہار الحق صاحب مظاہری کی دعا پر مجلس اختتام پذیر ہوئی