ماہ رمضان المبارک کے شب و روز کیسے گزاریں
ماہ رمضان المبارک کے شب و روز کیسے گزاریں
از: محمد مقصود عالم قادری
اللہ عزوجل کے فضل و کرم سے ہمیں پھر ایک بار رمضان المبارک کا عظیم الشان,برکتوں اور رحمتوں والا مہینہ پانے کی سعادت حاصل ہوئ ۔ اکثر و بیشتر لوگ اس ماہ مبارک میں روزہ تو رکھتے ہیں,لیکن اس کی تعظیم و تکریم اور ادب کما حقہ بجا نہیں لاتے ,روزہ کی حالت میں گناہوں میں مبتلا رہتے ہیں۔
یہی وجہ کہ رمضان کے تمام تر روزے رکھ کر بھی پرہیز گاری حاصل ہونے سے محروم ہوجاتے ہیں ,رمضان المبارک کی رات ودن کس طرح گزارا جائے کہ ہم پرہیز گار بن جائیں؟ تو اس کے لیے چند باتیں قارئین کرام کی بارگاہ میں پیش کرتا ہوں , گرقبول افتد زہے عزو شرف۔
(1) اس ماہ میں گناہوں بھرے کاموں سے خوب پرہیز کجیئے کہ اسے روزے کی نورانیت چلی جاتی ہے , روزہ بھی رکھے اور گناہوں میں پڑا بھی رہے تو پھر پرہیز گاری کہاں سے حاصل ہوگی , جس طرح کہ ایک شوگر کا مریض اگر دوا کھائے اور میٹھائ وغیرہ سے پرہیز بھی نہ کرے تو دوا اثر کن نہیں ہوگا
اسی طرح روزے کی حالت میں بھی اگر گناہوں سے بچا نہیں تو پرہیز گاری حاصل نہیں ہوگی ,جب یہ نہ ہو تو پھر روزے کا مقصد لعلکم تتقون( تاکہ تمہیں پرہیز گاری حاصل ہو جائے)فوت ہو گیا , روزے کے مقصد کی بجاآوری کے لیے گناہوں سے بچنا بے حد ضروری ہے۔
(2)اس ماہ میں وقت کی خوب قدر کریں,موبائل ضرورتاً استعمال کریں,بازار وغیرہ میں زیادہ دیر تک نہ ٹھریں,دوستوں کے ساتھ فضول گوئ میں پورا وقت نہ نکال دیں, یعنی ہمہ وقت عبادت و ریاضت,تلاوت قرآن اور درود شریف پڑھنے میں گزاریں کیا معلوم کہ یہ بابرکت وقت پھر ہمیں دوبارہ میسر آئے یا نہ آئے
لیکن آج ہمارے مسلمان بھائیوں کا حال یہ ہے خاص کر شہروں میں کہ سحری تک تو مبائل اور لہو لعب میں گزار دیتے ہیں اور سحری کے بعد بارہ بجے تک سوتے رہتے ہیں ,بعض لوگ تو ٹائم پاس کے لیے لوڈو وغیرہ گیم کھیلتے ہیں, اللہ ایسے لوگوں کو عقل سلیم عطا فرمائے۔
(3)روزے کے متعلق علماے دین سے مسائل پوچھیں,اور دینی مجالس میں شرکت بھی کریں
(4)سحر و افطار کے وقت اپنے غریب پڑوسیوں اور رشتے داروں کا بھی خیال رکھیں
(5)اس ماہ میں اپنے مال کے زاکوٰۃ اور نفلی صدقات کے ذریعہ مدارس اہلیسنت کا بھرپور تعاون کریں
(6)اس مہینے میں پانچوں وقت کے نماز باجماعت ادا کرنے کے ساتھ ساتھ تلاوت قرآن اور قضا نمازوں یا نفل نمازوں کی بھی خوب کثرت کریں
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس ماہ کی صحیح طور پر تعظیم و تکریم کرنے اور خوب عبادت کرنے کی توفیق عطا فرمائے
آمین بجاہ النبی الامین صلیٰ اللہ علیہ وسلم ۔
از: محمد مقصود عالم قادری
اتردیناج پور مغربی بنگال