ناشر کنزالایمان الحاج محمد عمران دادانی رحلت فرما گیے
ناشر کنزالایمان الحاج محمد عمران دادانی رحلت فرما گیے
خادم قرآن ناشرِ کنزالایمان الحاج محمد عمران دادانی رضوی صاحب(بانی نشانِ اختر ممبئی) 14؍فروری 2023ء بروز منگل دوپہر 2:30؍کو ممبئی میں رحلت فرما گئے۔
انا للہ وانا الیہ رٰجعون۔
مرحوم ادھر کچھ مدت سے علیل تھے۔ عارضۂ قلب میں مبتلا تھے۔ تاہم دینی و اشاعتی سرگرمیوں سے اخیر وقت تک مربوط رہے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ کچھی میمن جماعت خانہ نزد مینارہ مسجد ممبئی میں آج ہی رات 11بجے ادا کی جائے گی۔ جب کہ تدفین منگل واڑی قبرستان گرگاؤں ممبئی میں عمل میں آئے
گی۔ مرحوم ہمہ جہت خوبیوں کے مالک تھے اعلیٰ حضرت کے مسلکِ حق و صداقت کے داعی و ناشر تھے۔نشانِ اختر کے ساتھ ساتھ رضا اکیڈمی ممبئی سے بھی وابستہ تھے۔ مرحوم کے اکابر علما و مشائخ اہلِ سنّت سے دیرینہ مراسم و روابط تھے۔
ترجمۂ قرآن کنزالایمان مع تفسیر خزائن العرفان پر متعدد رخ سے اہم و تاریخی خدمات انجام دیں۔نادر و نایاب اور خوب صورت ایڈیشن ’’الفی قرآن مع ترجمہ کنزالایمان‘‘ کی اشاعت بھی حروفِ زریں سے لکھے جانے کے لائق ہے۔
خدمتِ قرآن کنزالایمان کا باب ایسا تابندہ ہے جو یقینی طور پر ان کی آخرت کی کام یابی کا باعث ہوگا۔ اللہ تعالیٰ ان کے ذوقِ دینی و جذبۂ خدمتِ قرآن کو قبول فرمائے۔ ان کے درجات بلند فرمائے۔ قبر کو گہوارۂ فردوس بنائے۔
سیئات کو حسنات سے تبدیل فرمائے۔ پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔آمین بجاہ حبیبہٖ سیدالمرسلین ﷺ۔
مرحوم کے لیے اہل سنت کی مقتدر شخصیات بالخصوص حضور امین ملت ڈاکٹر سید محمد امین میاں مارہروی صاحب قبلہ (خانقاہ برکاتیہ مارہرہ شریف)، علامہ قمرالزماں خان اعظمی (ورلڈ اسلامک مشن یوکے)، علامہ عبدالمبین نعمانی قادری (دارالعلوم قادریہ چریا کوٹ)، علامہ محمد ارشد مصباحی (اعلیٰ حضرت فاؤنڈیشن انٹرنیشنل یوکے)، پروفیسر مجیداللہ قادری (ادارۂ تحقیقات امام احمد رضا)، الحاج محمد سعید نوری(رضا اکیڈمی ممبئی) ،نوری مشن مالیگاؤں اور دیگر سنی تنظیموں، اداروں نے دُعاے مغفرت و تعزیت کا اہتمام کیا ہے۔
ایسی اطلاع صدر و اراکین نوری مشن/اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر مالیگاؤں نے ارسال کی