عرس نوری کے موقع پر 108 فرزندان اسلام دستار علم و فضل اور تاج حفظ و قرات سے سرفراز

Spread the love

عرس نوری کے موقع پر 108 فرزندان اسلام دستار علم و فضل اور تاج حفظ و قرات سے سرفراز

(مارہرہ شریف/پریس ریلیز)

عالمی شہرت یافتہ خانقاہ “خانقاہ عالیہ قادریہ برکاتیہ آل احمدیہ مارہرہ شریف “مذہب مہذب یعنی مذہب اہل سنت و جماعت کی ممتاز و منفرد خانقاہ ہے اور عہد حاضر میں مسلک اعلی حضرت کی ترجمانی کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہے، بلا خوف لومۃ لائم احقاق حق اور ابطال باطل کا فریضہ انجام دے رہی ہے اور ببانگ دہل یہ اعلان کر رہی ہے کہ ہمارا سرکاری مسلک” مسلک اعلی حضرت “ہے۔

خانقاہ شریف کی دینی و ملی ، علمی و روحانی خدمات کئی صدیوں پر محیط ہیں آج کے اس پرفتن دور میں بھی شہزادگان خانوادہ برکات قوم و ملت کے نونہالوں کو لے کر بڑے فکر مند اور حساس ہیں اور ہر محفل میں یہ اعلان کرتے نظر آرہے ہیں “آدھی روٹی کھائیے بچوں کو پڑھائیے” یہی وجہ ہے کہ آبروۓ خانوادۂ برکات تاج المشائخ آمین ملت حضرت پروفیسر سید شاہ محمد امین میاں قادری برکاتی مد ظلہ العالی اور حضور رفیق ملت سید شاہ نجیب حیدر قادری برکاتی نوری دامت برکاتہ القدسیہ ملک و بیرون ملک میں دینی و عصری سیکڑوں اداروں کی سرپرستی فرما رہے ہیں تو وہیں جامعہ البرکات علی گڑھ اور جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف کو آپ کی خصوصی سرپرستی اور نگرانی حاصل ہے جس کی برکت سے دونوں ہی جامعہ حسن تربیت ،معیار تعلیم اور عمدہ انتظام و انصرام کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہیں۔ الحمدللہ تعالی بڑی تیزی کے ساتھ جامعہ احسن البرکات اور جامعہ البرکات نے کامیابی کی شاہراہ کو عبور کیا ہے اور اس سال عرس نوری قادری برکاتی کے حسین موقع پر جامعہ احسن البرکات سے فارغ التحصیل ٨٣ علماء ، حفاظ و قراء کے سروں پر دستار علم و فضل(دستار فضیلت) اور تاج حفظ و قراءت رکھ کر ان کے روشن مستقبل کی ضمانت لی ہے اور جامعہ البرکات علی گڑھ کے ذیلی شعبہ “البرکات اسلامک ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ “کے تربیت یافتہ علماء و فضلاء کو بھی اعزازی دستار سے نوازا گیا ہے جن کی تعداد ١١ رہی اور ساتھ ہی شہزادۂ حضور امین ملت حضرت علامہ سید شاہ امان میاں قادری برکاتی دام ظلہ العالی کی زیر نگرانی چلنے والے ادارے “مدرسہ غریب نواز” اور “اصلاح معاشرہ “علی گڑھ کے فارغ التحصیل ١٤ طلباء کو بھی دستار حفظ سے سرفراز کیا گیا ۔

خلیفہ حضور تاج المشائخ استاذ گرامی حضرت مولانا شیخ محمد عرفان ازہری دام ظلہ العالی صدر المدرسین جامعہ احسن البرکات نے بتایا کہ اس سال عرس نوری مارہرہ شریف کے منبر نور سے ١٠٨ طلبہ دستار سے نوازے گئے ہیں۔

سبحان اللہ۔ اور ان ١٠٨ طلبہ میں شہزادہ حضور رفیق ملت عالم جلیل فاضل نبیل سید شاہ محمد حسن حیدر زید مجدہ بھی شامل ہیں جن کے سر پر دستار علم و فضل سجائی گئی ہے ممدوح موصوف نے اعدادیہ تا ثامنہ یعنی پورے نو سال جامعہ احسن البرکات کے جلیل القدر اساتذہ کرام کی بارگاہ میں زانوئے تلمذ طے کر کے علوم متداولہ کی تحصیل کی ہےاور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ایک پیر کے لیے علم طریقت کے ساتھ ساتھ علم شریعت بھی از حد ضروری ہے فرزند ارجمند کی دستار فضیلت کے موقع پر والد بزرگوار حضور رفیق ملت دام ظلہ العالی نے نا قابلِ بیان خوشیوں کا اظہار فرمایا اور جامعہ کے تمام اساتذہ کو کپڑے اور خطیر رقم بطور انعام عطا کی ہے۔ ہر چہار جانب خوشیوں کا سماں ہے۔ اللہ تعالی سرکاران مارہرہ مقدسہ کا سایۂ عاطفت تا دیر قائم و دائم رکھے ، اور ہم سب کو علم نافع عطا فرمائےآمین!

لہذا قابل صد مبارک باد ہیں جملہ شہزادگان خاندان برکات دامت برکاتہم القدسیہ اور اراکین جامعہ البرکات و احسن البرکات اور تمام اساتذہ کرام کہ ان کی شبانہ روز کدو کاوش کے نتیجے میں خوشیوں بھرا یہ دن دیکھنے کو ملا اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا ہے کہ رب قدیر جمیع فرزندان احسن البرکات و تربیت یافتگان البرکات علی گڑھ کو دونوں جہان میں سرخروئی اور سربلندی عطا فرمائے آمین!.

رپورٹ:نعمان واحدی احسنی

خادم جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف،ضلع:ایٹہ(یوپی)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *